ججز نظر بندی کیس : مشرف کیخلاف فرد جرم 15 جون کو لگے گی‘ ہائیکورٹ نے جیل ٹرائل کی اجازت دیدی

Jun 07, 2013

اسلام آباد(نامہ نگار+وقائع نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے ججز نظربندی کیس میں سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے 15 جون کی تاریخ مقرر کر دی، پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت چک شہزاد فارم ہاﺅس سب جیل میں ہوئی، عدالت نے چالان کی نقول فریقین میں تقسیم کرنے کا حکم دیا۔ مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ اپنے موکل کی درخواست ضمانت کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروفیت کے باعث خصوصی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مشرف کے جیل ٹرائل کی اجازت دے دی ہے۔ جیل ٹرائل پرویز مشرف کے فارم ہاﺅس جسے سب جیل قرار دیا گیا ہے میں ہوگا۔ عدالت نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی درخواست منظور کرلی۔ سپیشل بنچ نے مشرف درخواست ضمانت پر ٹرائل کورٹ، ایف آئی اے اور پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 11جون تک ملتوی کردی ہے۔

مزیدخبریں