پشاور (آئی این پی) شمالی وزیر ستان کے علاقے شوال میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7 شدت پسند جاں بحق ہو گئے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شہریار محسود اور خان سید گروپ کے مابین ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں اہم کمانڈر سمیت 7شدت پسند مارے گئے۔ دونوں جانب سے خودکار ہتھیار استعمال کئے گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں دونوں گروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں شہریار گروپ کے اہم کمانڈر عاشق اللہ محسود سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کے گروپوں میں شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
شمالی وزیرستان