کراچی+لاہور(مارکیٹ رپورٹر+نیوز رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کئی دن سے جاری مندے کے بادل چھٹ گئے ۔کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کومارکیٹ میں تیزی رہی اور 29500پوائنٹس کی نفسیاتی حدبحال ہوگئی۔سرمایہ کاری مالیت میں 35ارب 97کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہائوسز، سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سیمنٹ ،پیٹرولیم اور توانائی سیکٹر سیکٹرمیں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 29720پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔البتہ تیزی کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 91.91پوائنٹس اضافے سے 29509.11 پوائنس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 346کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے140 کمپنیوں حصص کے بھاؤ میں اضافہ،180کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ26کمپنیوںکے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں35ارب 97 کروڑ12 لاکھ 49 ہزار161 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر69کھرب94 ارب 15کروڑ 27 ہزار203 روپے ہوگئی۔جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں 20کروڑ82 لاکھ 94 ہزار110 شیئرز رہیں جوجمعرات کے مقابلے میں4کروڑ50ہزار230شیئرزکم ہیں ۔دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز تیزی کا رجحان رہا۔ مجموعی طور پر 89کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 17کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا22کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 50کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25انڈیکس 108.07 پوائینٹس کے اضافہ کے ساتھ 5700.51پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں کل 19لاکھ 7ہزار600حصص کا کاروبار ہوا۔ جبکہ گزشتہ روز 28لاکھ 84ہزار 500حصص کا لین دین ہوا تھا۔