سیہون + پیر محل (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی +نامہ نگار) سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کا عرس شروع ہو گیا۔ عرس میں آئے 12 افراد شدید گرمی، پینے کے پانی کی قلت کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ انچارج ایدھی سنٹر کے مطابق عرس میں 9 افراد شدید گرمی اور لو لگنے سے جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ایک شخص نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوا۔ جاں بحق افراد کی میتوں کو آبائی علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔عرس کی تقریبات 3 روز تک جاری رہیں گی۔ لوگوں کی بڑی تعداد عرس میں شرکت کے لئے آرہی ہے۔علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو مفت منرل واٹر زائرین میں تقسیم کرنے کی ہدایت کردی۔ دریں ا ثناء پیر محل کے قریبی قصبہ سندھیلیانوالی کے دو دیہات 750گ ب اور 751گ ب کے سات افراد کیری ڈبہ میں دربار سیہون شریف جا رہے تھے۔ جامشورو کے قریب گاڑی کو سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر نے ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں محمد ایوب، خضر حیات، شاہنواز، خان محمد اور محمد رمضان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ گاڑی میں سوار ماموں بھانجا محمد طارق اور محمد عامر شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد فراہمی کے لئے جامشورو کے ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں دونوں کی حالت انتہائی نازک بتائی گئی ہے۔ حادثہ کی اطلاع جیسے ہی جاں بحق افراد کے ورثاء کو ملی تو گھروں میں کہرام برپا ہو گیا۔ مذکورہ دیہات سمیت قصبہ سندھیلیانوالی کی فضاء سوگوار ہو گئی۔