بدعنوانوں کے سامنے سر نہیں جھکانا، عوام حقوق کی جنگ لڑ کر تقدیر بدلیں: عمران

Jun 07, 2016

اسلام آباد/ پلندری (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی + صباح نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پلندری میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کشمیریوں نے بڑے بے خوف طریقے سے اپنی آزادی کی جنگ لڑی ڈوگرہ راج سے آزادی کیلئے بڑی قیمت دی۔ میں آپ کو سلام پیش کرتا ہوں جو آزادی کیلئے لڑتا ہے اس کا اللہ کے نزدیک بہت درجہ ہے جو غلامی قبول کر لیتا ہے ان کے بارے میں بھی آپ جانتے ہیں، جو لوگ آزادی، حقوق کیلئے لڑتے ہیں انہیں ہر شے ملتی ہے۔ ہم قائداعظم کی عزت کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں آزادی دلوائی۔ انہیں معلوم تھا کہ وہ زیادہ دیر زندہ نہیں رہیں گے لیکن اس کے باوجود انہوں نے آزادی کی جدوجہد کی وہ سمجھوتہ بھی کرسکتے تھے انہیں تو ہندوستان کی وزارت عظمی بھی پیش کی گئی۔ انہوں نے سمجھوتہ نہیں کیا، آخری دم تک لڑے۔ نوجوانو آپ اشرف المخلوقات ہیں۔ آزادی کی جنگ لڑنے والا کبھی نہیں مرتا۔ تاریخ میں نیلسن منڈیلا ہمیشہ یاد رہے گا۔ آپ بھی دنیا میں آئے اور چلے گئے تو اللہ کو جواب دینا پڑے گا۔ آپ نے اپنی تقدیر خود بدلنی ہے۔ اپنے آپ اور ملک کی تقدیر کو بدلیں، حقوق کی جنگ لڑیں۔ ہم نے کرپٹ لوگوں کے سامنے سر نہیں جھکانا۔ گرپٹ لوگوں نے معاشرے پر قبضہ کر رکھا ہے۔ آپ ہر لیٹر پٹرول پر 50 فیصد ٹیکس دیتے ہیں جبکہ ڈیزل پر 100 فیصد ٹیکس دیتے ہیں۔ میری زندگی علامہ اقبال کو پڑھ کر تبدیل ہوئی ہم عالموں کی بڑی عزت کرتے ہیں لیکن آپ نے اب کے بار ڈیزل کو ووٹ نہیں دینا، ٹینک میں ڈالنا ہے۔ کشمیر میں پاکستان سے بھی زیادہ کرپشن ہے۔ ہمیں اپنی تقدیر خود بدلنا ہوگی۔ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کی جدوجہد کرنا ہوگی۔ ملک سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن میں لوگ بکے ہوئے ہیں، اپنے ضمیروں کو نیلام کر دیا۔ نادرا میں بھی ضمیر فروش گھسے ہوئے ہیں۔ ہم کو ملک کے ادارے ٹھیک کرنے ہیں۔ پاکستان کی معیشت زراعت پر کھڑی ہے جسے نظر انداز کیا گیا ہے۔ چالیس فیصد بجلی تیل سے بنتی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوسکی نہ کرپشن ختم ہوئی۔ حکومت پاکستان سٹیل ملز اور پی آئی اے کو بھی ٹھیک نہیں کرسکی۔ بجلی کی قیمت 80 فیصد بڑھا دی گئی۔ کرپشن کا مطلب اقتدار میں آکر خود کو فائدہ پہنچانا ہے۔ ملک میں سب سے بڑی لعنت کرپشن ہے جب سے پانامہ لیکس ہوا، نواز شریف بیرون ملک دورے کر رہے ہیں۔ میاں صاحب اب پیسہ کہاں سے آرہا ہے، خیبر پی کے پولیس نے مثال قائم کردی، پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ نہ کرسکی۔ سب سے سستی بجلی پانی سے کیوں نہیں بناتے۔ پانی سے سستی بجلی بنانے کی بجائے ایل این جی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونے سے کرپشن کم ہوتی ہے۔ نوجوان تو تحریک انصاف میں شامل ہیں بزرگوں سے بھی درخواست ہے تحریک انصاف میں شامل ہوجائیں۔ صباح نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا ہم پاکستان اور آزاد کشمیر سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لیں گے اور ایک ایسا نظام لائیں گے جس میں عوام سکھ اور چین سے رہیں۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے آزاد کشمیر کے چپے چپے پر جدوجہد اور قربانی کی داستان رقم ہے۔ نواز شریف اور زرداری کو اب آزاد کشمیر کے لوگ پہچان چکے ہیں اور اپنے قومی و ریاستی تشخص کو آگے بڑھانے کے لئے عوام ہمارے ساتھ ملکر عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے۔ مزید براں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے پشاور کا پانی پولیو وائرس سے پاک ہوگیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا پشاور کا پانی پولیو سے پاک ہوگیا ہے۔ ثابت ہوتا ہے ہم چاہیں تو کچھ بھی حاصل ہوسکتا ہے۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے پانچ ارکان قومی اسمبلی کی صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ پر کھلی تنقید کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ان ارکان اسمبلی کو سات روز کے اندر اپنے الزامات اور شکایات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے پانچ ارکان قومی اسمبلی کی خیبر پی کے حکومت اور وزیراعلی پر میڈیا کے ذریعے تنقید پارٹی نظم وضبط کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر چیئرمین عمران خان نے انتہائی ناگواری کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین نے پانچوں ارکان اسمبلی کے اس طرز عمل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے وہ اختلافات وشکایات کی کھلے بندوں میڈیا پر تشہیر سے مکمل گریز کریں اور پارٹی کے اندرونی معاملات کو میڈیا پر اچھالنے سے باز رہیں۔

مزیدخبریں