لاہور/ کراچی/ پشاور (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر+ ایجنسیاں) رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ کئی برس بعد آج پورے پاکستان میں ایک ساتھ روزہ رکھا گیا۔ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، سکردو، حیدر آباد، گلگت، چترال سمیت کئی علاقوں میں چاند واضح نظر آیا۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی بھی آج روزہ رکھنے پر متفق ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے کہا کہ انہوں نے ہماری شہادتوں کا انتظار نہیں کیا جلد بازی میں فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیر مذہبی امور سے طے ہوا تھا کہ ہماری شہادتوں کا انتظار کیا جائے گا۔ چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد مساجد میں نماز تراویح کا سلسلہ شروع ہو گیا جو عید الفطر کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔ لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی زیر صدارت ہوا۔ لاہور میں بادشاہی مسجد، مسجد داتا دربار، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامعہ القادسیہ ، مسجد شہداء مسجد وزیرخان، مسجد نیلا گنبد سمیت دیگر جامعات اور جامع مساجد میں مردوخواتین، بزرگ اوربچوں کی بڑی تعداد نے نماز تراویح باجماعت پڑھی۔ دودھ ، دہی ، تندور ، سٹورز اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے مراکز سحری تک کھلے رہے۔ جہاں خریداروں کا رش لگا رہا۔ جامع مسجد القادسیہ چوبرجی میں نماز تراویح قاری عبدالودود عاصم نے پڑھائی۔ حافظ عبدالغفار مدنی نے درس دیا 21 رمضان سے حافظ محمد سعید تفسیر قرآن بیان کریں گے۔ بادشاہی مسجد میں نماز تراویح قاری یاسین اور خلاصہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے بیان کیا۔ جامعہ نعیمیہ میں قاری محمد جاوید اور جامعہ اشرفیہ میں قاری عثمان نے پہلے روز نماز تراویح پڑھائی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو سحروافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے سحروافطار میں عوام کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے۔ سحروافطار میں شہروں اور دیہات میں یکساں طور پر بجلی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پی ایم آفس لوڈشیڈنگ کے اوقات سختی سے مانیٹر کرے۔ وزارت پانی و بجلی نے بھی سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی کمی کی جائے گی۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے تمام چیف ایگزیکٹوز کو اس بات کی ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں طے شدہ شیڈول کے مطابق بجلی بند کی جائے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو قیصر زمان نے بتایا کہ تمام سب ڈویژنز کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ بجلی کی فراہمی یقینی رہے۔ رمضان المبارک کے آغاز پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’اللہ کے فضل و کرم اور اہل وطن کی دعائوں کی برکت سے میں صحت یاب ہو رہا ہوں اس بار رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کے موقع پر میں وطن سے دور ہوں مگر میرا دل وطن اور اہل وطن کے لئے دھڑکتا ہے۔ آپ سب کو اس ماہ مقدس کی آمد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے رحمت، مغفرت اور نجات کی بشارت لے کر آتا ہے۔ حکومت عملی طور پر ایسی پالیسیاں اختیار کر رہی ہے جن سے اقتصادی، معاشرتی اور دفاعی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ انشاء اللہ آپ کی دعائوں سے پاکستان مضبوط اور مستحکم ہوگا۔ تمام لوگ رمضان میں ملک وقوم کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ اللہ رب العزت نے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی برکتوں سے فیض یاب ہونے کا موقع عطا فرمایا ہے۔ رمضان المبارک میں عبادات ذاتی زندگی میں بھی انسان کا تزکیہ کرتی ہیں اور اجتماعی زندگی میں بھی۔ ہمیں یہ دونوں مقاصد اپنے پیش نظر رکھنے ہیں تاکہ وطن عزیز کو خوشیوں اور امن و آسودگی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں‘ برکتوں اور عظمتوں والا مہینہ ہے اور ہم خوش نصیب ہیں کہ اللہ نے اس سال پھر ہمیں رمضان المبارک کی ساعتیں عطا فرمئای ہیں۔ روزہ ہمیں نظم و ضبط‘ اطاعت خداوندی اور امن و سلامتی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا درس دیتا ہے۔ ماہ رمضان میں ان افراد کو نہیں بھولنا چاہئے جو ہماری توجہ کے مستحق ہیں۔ ادھر یورپی ملک آئس لینڈ میں مسلمان پورے 22 گھنٹے طویل روزہ رکھیں گے۔ وہاں روزے کا آغاز صبح ایک بج کر 45 منٹ پر ہوگا جبکہ افطار کا وقت نصف شب کو ہوگا، سویڈن میں روزے کا دورانیہ 21 گھنٹے 58 منٹ ہوگا، ناروے 20 گھنٹے 45 منٹ، ڈنمارک 20 گھنٹے 21 منٹ اور ہالینڈ 19 گھنٹے 8 منٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ سب سے کم دورانیے کا روزہ ارجنٹائن اور آسٹریلیا میں ہو گا جو ساڑھے 9 گھنٹے کا ہو گا۔ چلی میں 11 گھنٹے 30 منٹ ہوگا، جنوبی افریقہ میں دورانیہ 12 گھنٹے 06 منٹ ہوگا، جبکہ پاپوا نیو گنی میں 12 گھنٹے 10 منٹ۔ 16 سے 18 گھنٹے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں کراچی میں لگ بھگ ساڑھے سولہ گھنٹے طویل روزہ ہوسکتا ہے جبکہ بھارت میں 17 گھنٹے 11 منٹ، مراکش میں 17 گھنٹے 12 منٹ، عراق میں 16 گھنٹے 24 منٹ، الجزائر میں ساڑھے 17 گھنٹے، میکسیکو میں لگ بھگ 17 گھنٹے، اردن میں 17 گھنٹے 31 منٹ، لبنان میں ساڑھے 17 گھنٹے، سعودی عرب میں 16 گھنٹے 13 منٹ، ایران میں 16 گھنٹے 19 منٹ، مصر میں 16 گھنٹے 6 منٹ، فلسطین میں 17 گھنٹے 39 منٹ اور امریکہ میں 16 گھنٹے 44 منٹ۔ بیشتر یورپی ممالک میں روزے کا دورانیہ کم از کم 18 گھنٹے ہو گا۔
کئی برس بعد ملک بھر میں متفقہ طور پر آج پہلا روزہ
Jun 07, 2016