نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک گھر سے ماں اور اسکی دو بیٹیوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ دہلی کے علاقے برھم پوری میں پیش آیا۔ ایک مکان سے تیز بدبو آنے پر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس جب گھر کے اندر پہنچی تو دو فلور کے اس مکان کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور پر ایک خاتون اور اسکی دو بیٹیوں کی نعشیں پڑی تھی۔ پولیس کے مطابق 50 سال کی سائرہ اور انکی 19 سالہ بیٹی شبنم اور 9 سالہ بیٹی مہرالنسا کا گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ لاشیں تین سے چار دن پرانی تھیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق قتل ہونے والی خاتون سائرہ کے شوہر کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو گیا تھاجس کے بعد وہ اپنی بیٹیوں کے ساتھ اس گھر میں رہ رہی تھی۔ گھر کے گراؤنڈ فلور پر ایک کرایہ دار رہتا تھا جو واردات کے بعد سے ہی غائب ہے۔