لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں اور امن و امان بحال ہو رہا ہے، بلوچستان کے بھائیوں کے لئے 50لاکھ روپے مالیت کا رمضان پیکج روانہ کر دیا، دو ہزار خاندانوں کے لئے بھجوائے گئے سامان میں آٹا، چاول، گھی، چینی، دالیں و دیگر اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ امدادی سامان بلوچستان کے علاقوں آواران، خضدار، کوئٹہ، جعفرآباد، نصیرآباد، سبی، جھل مگسی، قلات، سنجاوی اور ژوب میں تقسیم کیا جائے گا۔ رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ سے زائد افراد کے سحر و افطار کا بندوبست کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاح انسانیت فائونڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ روز امدادی سامان بلوچستان روا نہ کئے جانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ برکتوں والے مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔یہ ہمدردی اور ایثار کا مہینہ ہے۔اس ماہ میں روزہ افطار کروانے والے کو روزہ رکھنے کے برابر اجر ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 6 سو سے زائد واٹر پروجیکٹ مکمل کر چکے ہیں۔ جن علاقوں میں لوگوں کو پینے کا پانی نہیں ملتا تھا ان علاقوں میں کنویں،ہنڈ پمپ بنوائے اور اب لوگ صاف پانی پی رہے ہیں۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف نے کہا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن بلوچستان،تھر پارکر و دیگر علاقوں میں رمضان پیکج کی تقسیم کے علاوہ رمضان دسترخوان بھی لگائے گی۔
بلوچستان میں ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں: حافظ سعید
Jun 07, 2016