اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے کسان کھاد سبسڈی پیکج کیس کا فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی سبسڈی دینے جبکہ درآمد شدہ خام مال سے تیار کھاد کے لیبارٹری ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے ۔ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 27مئی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ۔ عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاق کی اپیل نمٹا دی ۔ سپریم کورٹ نے مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی سبسڈی دینے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت کا کہنا ہے کہ سبسڈی لینے والی بیرون ملک سے درآمد شدہ خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کی کھاد کے لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جائیں ۔ پشاور ہائیکورٹ نے بھی مقامی خام مال سے کھاد تیار کرنے والی کمپنیوں کو کسان کھاد سبسڈی پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔