اسلام آباد (آن لائن) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے سربراہ میجر جنرل اصغر نواز نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے پیش نظر پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک بھر میں زلزلے اور سیلاب کے خطرات موجود ہیں، بڑے نقصانات سے بچنے کیلئے ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا، موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے دنیا کے 10ہائی رسک ممالک میں پاکستان 8ویں نمبر پر ہے۔ نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کی جلد منظوری دی جائیگی، محکمہ موسمیات کی اتنی صلاحیت نہیں تھی کہ وہ حالیہ طوفان کی پیشگوئی کرتا جبکہ لوگ جان بوجھ کر آبی گزر گاہوں پر گھر بنا لیتے ہیں جنہیں برساتی پانی بہا لے جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان مصدق ملک کے ہمراہ میڈی ایشنز اور این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔