پشاور (آن لائن) ایشیائی ترقیاتی بنک (اے ڈی بی) نے خیبر پی کے حکومت کی جانب سے صوبے میں بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں عوام کو بجلی کی فراہمی کے لئے 356منی مائیکروہائیڈل سٹیشن یعنی چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر کے پروگرام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توانائی کے درمیانے اور چھوٹی گنجائش والے منصوبوں میں سرمایہ کاری ومالی تعاون کی پیشکش کی ہے جبکہ منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز کی تعداد 1000سے 1500تک بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی کا آغازکردیا ہے۔ اس سلسلے میں عدنان ترین کی قیادت میں اے ڈی بی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ( پیڈو) کے چیف ایگزیکٹو اکبر ایوب خان اور محکمہ توانائی کے دیگر افسران نے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کی توسیع کے بارے میں اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹیو پیڈو اکبر ایوب خان نے اے ڈی بی کے مشن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے توانائی ایکشن پلان کے تحت صوبے کے 12اضلاع میں بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں 356 چھوٹے چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری کررکھا ہے۔ جن میں سے اب تک 40سے زائد بجلی گھروں کی تعمیر کاکام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ پروگرام کے تحت یہ بجلی گھر مقامی این جی اوز کے تعاون سے تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے وفد نے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کے تعمیراتی پروگرام پر اطمینان کا اظہارکیا۔