کراچی (نیوز رپورٹر)ہمدرد پبلک اسکول کراچی نے اپنے بانی شہید حکیم محمد سعید، جو تحریک یوم باب الاسلام کے علمبردار تھے، کی روایت پر عمل کرتے ہوئے یوم باب الاسلام منانے اور اسلامی تاریخ کے عظیم نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینتہ الحکمہ، کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کی پرنسپل شائستہ انور زیدی نے یوم باب الاسلام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم ایک بے مثال فوجی کمانڈر تھے جنہوں نے 17 سال کی عمرمیں سندھ فتح کر کے اس خطے میں اسلام کی روشنی پھیلائی اور اپنی خداداد انتظامی صلاحیت، سیاسی سوجھ بوجھ، انصاف پسندی اور مساویانہ سلوک سے سندھ کے لوگوں کے دل جیت لیے۔ محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے برصغیر پاک و ہند پر دوررس مذہبی، سیاسی اور سماجی اثرات مرتب ہوئے۔ اسکول کی ٹیچرز مس رانا خان اور مس حمیرا طارق نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور تاریخ سندھ، سندھی معاشرے پر اسلام کے اثرات اور ان اصلاحات پر بھی مختصر روشنی ڈالی۔