لوہستان : مکان کوآگ لگادی دو نومولود سمیت 3 بچے زندہ جل گئے

Jun 07, 2017

پشاور (نیٹ نیوز) خیبر پی کے کے ضلع کوہستان میں نامعلوم افراد نے ایک مکان کو نذر آتش کردیا جس کے نتیجے میں دو نومولود سمیت 3 بچے جل کرہلاک ہو گئے۔ مکان کے مالک محمد شریف نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ گادر پالاس میں اس کے مکان کو آگ افضل کوہستانی اور اس کے 3 بھائیوں نے لگائی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 15 ماہ کی حسینہ، 9ماہ کی عاصمہ اور 3 سال کا عارف جل گئے جبکہ صرف حسینہ کی نعش برآمد ہوئی ہے تاہم دیگر بچوں کی نعشیں نہیں مل سکیں۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ واقعہ بظاہر کوہستان ویڈیو سکینڈل کیس کا بدلہ معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب افضل کوہستانی نے نجی ٹی وی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ جرم نہیں کیا اور یہ ان کے خلاف مخالفین کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان میں ہمارا داخلہ منع ہے مخالفین میرے بھائیوں اور لڑکیوں کے قتل کیس کو واپس لینے کیلئے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، میں عدالت میں اس کیس کا دفاع کر رہا ہوں تو قانون کو ہاتھ میں کیوں لینا چاہوں گا۔ انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے حکومت سے خود کو اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین میرے دیگر بھائیوں کو قتل کرنا چاہتے ہیں۔ پولیس نے بچوں کی ہلاکت سے متعلق ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ واضح رہے کہ محمد شریف پر کوہستان ویڈیوسکینڈل میں نظر آنے والی لڑکیوں اور لڑکوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔ یاد رہے کہ کوہستان کے نوجوان افضل کوہستانی نے 2012ء میں میڈیا پر آ کر یہ الزام عائد کیا تھا کہ ان کے 2 چھوٹے بھائیوں نے شادی کی ایک تقریب کے دوران رقص کیا جس پروہاں موجود خواتین نے تالیاں بجائیں۔ اس کی ویڈیو بعد میں مقامی افراد کے ہاتھ لگ گئی جس پر مقامی جرگے نے ویڈیو میں نظر آنے والی پانچوں لڑکیوں کے قتل کا حکم جاری کیا جبکہ بعدازاں ان لڑکیوں کے قتل کی اطلاعات بھی سامنے آئیں جس پر سپریم کورٹ نے معاملے پر ازخود نوٹس لیا۔ تاہم وفاقی اور خیبر پی کے حکومتوں نے واقعے کی تردید کی بعدازاں سپریم کورٹ کے حکم پر کوہستان جانے والی ٹیم کے ارکان نے بھی لڑکیوں کے زندہ ہونے کی صدیق کر دی تھی۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت کوہستان ویڈیو سکینڈل کے معاملے پر سماجی رضا کار فرزانہ باری نے بھی لڑکیوں کے قتل سے متعلق شواہد پر مبنی دستاویزات اور ویڈیو عدالت میں جمع کرائی تھیں جس کے مطابق جو لڑکیاں کمشن کے سامنے پیش کی گئیں تھیں وہ ویڈیو میں نہیں تھیں۔
کوہستان

مزیدخبریں