قطر میں پھنسے پاکستانیوں کولانے کیلئے خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت

Jun 07, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نیرحیات نے قطر میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے کنٹری منیجر کوخصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ میں پھنسے پاکستانیوں سے رابطہ کریں اور ان کے لیئے ضروری اقدامات کئے جائیں، پی آئی اے کے حکام دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ میں رہیں، پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے ضرورت پڑنے پر خصوصی پرواز یں بھی چلائی جائیں گی۔ سعودی عرب، مصر ، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات کی منقطع کئے جانے کے بعد قطر ایرویز کی پرواز سے عمرہ کیلئے جانے والے پاکستانی زائرین دوحا ایئرپورٹ پر پھنس گئے ہیں۔ نیئر حیات نے مارکیٹنگ اور ائیرپورٹ سروسسز کے ڈائریکٹروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ہم وطنو ں کی مدد کے لئے مناسب پلاننگ کریں۔ واضح رہے کہ عرب ممالک کی جانب سے قطر پر دہشت گردوں کی سرپرستی اور علاقائی سیکیورٹی کوعدم استحکام سےدوچارکرنے کے الزام کے بعد سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین و دیگر ممالک نے قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کئے جبکہ اتحاد اور فلائی دبئی کی جانب سے دوحا کے لئے پروازیں منسوخ کیے جانے کے بعد قطر ائیرویز نے سعودی عرب کے لئے اپنی پروازیں منسوخ کردیں۔
پی آئی اے

مزیدخبریں