لاہور(خبرنگار) لاہور کے تمام9ٹاﺅنز کے عملے کی 31رمضان بازاروں میں صبح سے شام تک ڈیوٹی سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔ شعبہ ٹاﺅن پلاننگ کے عملے نے ”اپنی افطاری اور عیدی“ پیشگی وصول کرکے غیر قانونی تعمیر کرنے والوں کو کھلی چھٹی دے دی۔ شہر میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کرنے والوں کی بھی لاٹری نکل آئی۔ شہر میںہر بازار میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات بھی جاری ہیں۔ بھوگیوال (باغبانپورہ) کے علاقہ ڈپٹی یعقوب کالونی میں ایک گلی کے اندر ہمسائے کے مکان کی ہوا روشنی بند کرکے تعمیر شروع کر دی گئی۔ گلی نمبر 188میں ہونیوالی اس تعمیر پر جب شور مچایا گیا تو غیر قانونی تعمیر کرنیوالوں نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ شالامار ٹاﺅن کے ٹی ایم او ملک طارق محمود نے غیر قانونی تعمیر کرنیوالوں کیخلاف اپنا عملہ بھی بھیجا، جس نے صرف نوٹس جاری کیا اور ایک دفعہ سے زیادہ چکر لگا کر غیر قانونی تعمیر کو نہ رکوایا۔ گھر کے مکینوں نے ہر طرف سے بے بس ہو کر لاہور پولیس سے رابطہ کیا اور مقدمہ کی درخواست دے دی جس پر غیر قانونی تعمیر کرنیوالے نے پولیس کا سامنا کرنے کی بجائے غائب ہو جاتا بہتر سمجھا مگر غیر قانونی تعمیر بدستور اپنی جگہ موجود ہے۔