لاہور(کلچرل رپورٹر) پاکستان کی مشہور گلوکارہ منور سلطانہ کی 22وےں برسی آج منائی جائے گی ۔منور سلطانہ 1925 میں بھارتی شہرلدھیانہ میں پیدا ہوئےں ۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز قیام پاکستان سے پہلے فلم ”مہندی“ سے ہوا تھا۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم ریڈیو پاکستان کے مشہور کمپوزر عبدالحق قریشی عرف شامی سے حاصل کی تھی،انہیں پاکستان کی پہلی فلم تیری یا دکے لئے بھی پس پردہ گلوکاری کرنے کا اعزاز حاصل تھا۔پاکستان کے ابتدائی زمانے میں منور سلطانہ نے متعدد فلموں کے لئے گلوکاری کا مظاہرہ کیا جن میں پھیرے، محبوبہ، انوکھی داستان،بے قرار،دو آنسو، سرفروش، اکیلی، نویلی، محبوب، جلن، انتقام، بیداری، معصوم اور لخت جگر کے نام سرفہرست ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کا ابتدائی قومی نغمہ چاند روشن چمکتا ستارہ رہے بھی انہی کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ منور سلطانہ نے اپنی گائیکی کے عروج کے زمانے میں ریڈیو پاکستان لاہور کے اسٹیشن ڈائریکٹر ایوب رومانی سے شادی کرلی تھی اور شادی کے بعد گائیکی سے علیحدگی اختیار کرکے مکمل طور پر گھریلو زندگی گزار رہی تھیں۔