پہلے آل کراچی ماما کریم بخش قمبرانی یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ

Jun 07, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملیر ینگ بوائز فٹبال کلب کے زیر اہتمام سراقبال فائونڈیشن کے تعاون سے جاری پہلے آل کراچی ماما کریم بخش قمبرانی یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے کا شاندار پری کوارٹر فائنل میچ ارمان ملیر اسٹار اور مولا بخش اسپورٹس فٹبال کلب کے مابین کھیلا گیا جو یکطرفہ ثابت ہوا اور ارمان ملیر اسٹار نے مولا بخش اسپورٹس کو 5-0کی واضح برتری کے ساتھ شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔میچ کا آغاز ہوا تو ارمان ملیر اسٹار نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مخالف ٹیم کو بے انتہا دبائو کا شکار بناکر ان کے گول پر متعدد حملے کیئے جس کے نتیجے میں میچ کے پہلے ہاف کے دسویں اور بائیسویں منٹ میں ارمان ملیر اسٹار کے فارورڈ امتیاز نے لگاتار دو گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ وقفہ کے بعد ارمان ملیر اسٹار نے اک مرتبہ پھر جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین فٹبال سے خوب داد سمیٹی اور بہترین حکمت عملی کے تحت مولا بخش اسپورٹس کو سنبھلنے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیاجبکہ ارمان ملیر اسٹار کے فارورڈ امتیاز میچ پر چھائے رہے جنھوں نے دوسرے ہاف کے ساتویں منٹ میں تیسرا گول کرکے اپنی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی اور چودہویں منٹ میں چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کو 4-0کی واضح برتری دلادی۔ میچ کے مقررہ وقت تک مولا بخش اسپورٹس کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی جبکہ فاتح ٹیم کا آخری گول مقبول نے کیا۔ٹورنامنٹ کے سلسلے کااگلا پری کوارٹر فائنل میچ جلال مراد اور یاسین اسٹار کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔میچ میں ریفری کے فرائض داد محمد، عطاء اللہ اور ساجد نے انجام دیئے، میچ کمشنر جہانزیب جبکہ میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈتھے۔

مزیدخبریں