کراچی(اے این این) سانحہ 12 مئی کی ازسرنو تحقیقات کے سلسلے میں سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔عدالت نے کیس میں معاونت کیلئے فیصل صدیقی اور شہباب سرکی ایڈووکیٹ کو عدالتی معاون مقرر کردیا جب کہ فاضل عدالت کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سانحہ 12 مئی کیس کی مزید کارروائی کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیں۔درخواست گزار اقبال کاظمی نے عدالت سے سانحہ 12 مئی کی ازسر نو تحقیقات کرانے کی استدعا کر رکھی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا 12 مئی 2007 کو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا راستہ روکنے کیلئے کراچی میں دہشت گردی کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا سابق صدر پرویز مشرف کے حکم پر ایم کیو ایم نے کراچی میں قتل عام کیا اور دہشت گردی کے واقعات میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔