کوئٹہ(بیورو رپورٹ)سابق صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ایک ماہ الیکشن ملتوی کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کی قرارداد جائز اور اصولوں پر مبنی تھا کیونکہ گرمی میں شدت اور دیگر چند ایشوز کے باعث پولنگ کے دوران ٹرن آئوٹ میں کمی ہوسکتی ہے جبکہ بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کے ایشو پر اپوزیشن کا رویہ انتہائی غیرمناسب تھا، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز آر او آفس ڈیرہ بگٹی میں اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کی، سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کے ایشو پر پشتونخوامیپ اور نیشنل پارٹی سمیت اپوزیشن خود تقسیم تھی جبکہ اپوزیشن کا رویہ بھی انتہائی غیرمناسب تھا، ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آنے الیکشن میں اپنی 5 سالہ کارکردگی کے باعث انہیں کامیابی کی امید ہی نہیں بلکہ سو فیصد یقین بھی ہے کیونکہ جتنے ترقیاتی کام قیام پاکستان سے لے کر آج تک نہ ہوسکے وہ کام عوام کے سامنے ہیں، علاقے میں امن و امان کا سہرا سو فیصد عوام اور سکیورٹی فورسز کو جاتاہے۔
الیکشن التوا کی قرارداد جائز، گرمی میں پولنگ ٹرن آئوٹ کم ہوسکتا ہے: سرفراز بگٹی
Jun 07, 2018