شوال کے چاند کے بعد وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نئے مشن کے لئے کمر کس لی۔چاند کی رویت اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے اختلافات اور پھر قمری کلینڈر بنا کر عید کا اعلان کرنے کی وجہ سے فواد چوہدری ان دنوں خبروں میں ہیں اور گزشتہ ایک ماہ سے وہ وقتا فوقتا مختلف بیانات داغ رہے ہیں۔رمضان المبارک کے دوران فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اعلان کر دیا تھا کہ شوال کا چاند 4 جون کی شام کو نظر آ جائے گا اور عید 5 جون کو ہوگی ۔اس بیان پر فواد چوہدری اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کے درمیان سخت بیانات کا بھی تبادلہ ہوا۔فواد چوہدری نے اب ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پہلے سوال اٹھایا کہ اس عید کی بحث ختم ، اب اگلے دو اہم اسلامی دن یعنی عید الاضحی اور محرم کب ہیں ؟پھر خود وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے جواب بھی دے دیا کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عید الاضحی بارہ اگست بروز پیر اور یکم محرم یکم ستمبر بروز اتوار کو ہو گی
عید الاضحی 12 اگست بروز پیر ہو گی:فواد چوہدری نے اعلان کردیا
Jun 07, 2019 | 13:24