ڈنمارک انتخابات میں حکمران جماعت کو شکست کا سامنا,اکتالیس سالہ میٹ فریڈرکسن ڈنمارک کی سب سے کم عمر وزیراعظم بن سکتی ہیں

Jun 07, 2019 | 21:50

ویب ڈیسک

 ڈنمارک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں حزبِ اختلاف کے پانچ جماعتی اتحاد نے فیصلہ کن فتح حاصل کرلی ہے جس کی قیادت بائیں بازو کی جماعت سوشل ڈیموکریٹس کررہی ہے جس نے ڈینش پارلیمنٹ کی 179 میں سے 91 نشستیں جیت لی ہیں۔حکمراں جماعت لبرل پارٹی (وینسترے) سے تعلق رکھنے والے ڈینش وزیراعظم لارس لوکے راسمیوسن نے انتخابی عمل کو سراہتے ہوئے شکست کا اعتراف کیا ہے اور سوشل ڈیموکریٹس کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے۔اس طرح سوشل ڈیموکریٹس کی رکن پارلیمنٹ میٹ فریڈرکسن کے آئندہ ڈینش وزیراعظم بننے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جو اس وقت صرف 41 سال کی ہیں۔ اگر ایسا ہوگیا تو وہ ڈنمارک کی سب سے کم عمر وزیراعظم بھی ہوں گی۔واضح رہے کہ 2015 کے ڈینش الیکشنز میں وینسترے پر مشتمل اتحاد نے فتح حاصل کرکے، برسرِ اقتدار سوشل ڈیموکریٹس کو حزبِ اختلاف کا راستہ دکھایا تھا جبکہ حالیہ انتخابات میں وینسترے کو شکست دے کر سوشل ڈیموکریٹس نے حساب برابر کردیا ہے.

مزیدخبریں