کرونا کیسز میں اضافے کے باوجود وزیراعظم خوابِ خرگوش میں محو ہیں، نفیسہ شاہ

Jun 07, 2020

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو اور کتنی انسانی لاشیں چاہئیں۔ 2000 کے قریب انسان تو کرونا وباء کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی شامل ہے۔ کرونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب ہے پھر بھی نالائق وزیراعظم حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور اسد عمر کی پریس کانفرنس سے عوام کو گمراہ کرنے اور انہیں وباء کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان اور اسد عمر کا یہ کہنا کہ کرونا کے پاکستان میں اثرات بہت کم ہیں۔ قطعی طور پر بے بنیاد ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان کا نفسیاتی مسئلہ یہ ہے کہ ان کی سوئی ابھی تک لاک ڈائون کے خلاف اٹکی ہوئی ہے۔ کرونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافے کے باوجود وزیراعظم خوابِ خرگوش میں محو ہیں۔

مزیدخبریں