اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہباز شریف نے کرونا سے اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافے پر اظہار تعزیت و افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اموات کی شرح اور متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ متقاضی ہے کہ وفاق اور صوبے سے مل کر حالات کا جائزہ لیں‘ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔ کرونا کے خلاف فرنٹ لائن سولجئرز اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ کرونا کی تباہ کاری وزیراعظم اور حکومت کے دعوؤں کو غلط ثابت کر چکی ہے۔ اصلاح احوال کے لئے نظرثانی کی جائے۔ حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے وزیراعظم صاحب کی کنفیوژن اب تک دور ہو جانی چاہئے تھی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کرونا وباء میں اضافے کا الزام عوام پر نہ لگایا جائے۔ انہیں تیار کیا جائے‘ آگاہی دی جائے۔ ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی اور علاج معالجے کے لئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے والے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ کرونا وباء کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔