گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر و سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ پلیٹ لیٹس کا بہانا بنا کر فرار ہونے والے نواز شریف لندن میں دوڑیں لگا رہے ہیں یہاں پلیٹس کم تھی وہاں ڈنر سیٹ پورا ہو گیا۔ عمران خان نے تحریک انصاف اس لیے بنائی تھی تاکہ طاقت ور انصاف کے نیچے آئے۔ پیپلز پارٹی نے مریم نواز سے گڑھی خدا بخش میں ناک رگڑوائی اور پیپلز پارٹی زندہ باد کا نعرہ لگوایا۔ ہمارا مقابلہ جرائم پیشہ افراد سے ہے۔ اس سال کے آخر تک تمام افراد کو صحت کارڈ مل جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار پی پی 58خان کلیم اللہ خان کی طرف سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مقامی رہنما چوہدری صدیق مہر، ضلعی صدر رانا ساجد علی خاں، ضلعی جنرل سیکرٹری نعمان اللہ چٹھہ، سٹی جنرل سیکرٹری رضوان اسلم بٹ، میاں طارق محمود، چوہدری طارق گجر، خان کلیم اللہ خان رانا عمر نذیر، ضلعی صدر خواتین ونگ روبینہ زیلدار، سٹی صدر خواتین ونگ شکیلہ سلیم رانا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نے ملک میں آج تک ایک بھی سٹینڈرڈ کا ہسپتال نہیں بنایا۔ تحریک انصاف کے تین سالہ دور میں 15ماہ لاک ڈائون رہا جس کے باوجود بھی ملک کی معیشت نے ترقی کی۔ ہمارے گھروں کی خواتین جب تک تحریک انصاف کیلئے جدو جہد نہیں کریں گی پارٹی آگے نہیں بڑھ سکتی۔ تحریک انصاف کے دور میں بیروزگاری کم ہوئی ہے۔
گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن‘ کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی
Jun 07, 2021