اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی دوسری پروٹوٹائپ مشین کی تیاری تیز کر دی۔ وزارت کے ذیلی اداروں کے ٹیکنیکل حکام پر مشتمل خصوصی ٹیم مشین کی تیاری میں مصروف ہے۔ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جولائی کے تیسرے ہفتے میں پروٹوٹائپ میشن کی تیاری کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا جس کے بعد وزیراعظم کو اس مشین سے ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ (ڈیمو) کر کے دکھایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پروٹوٹائپ مشین کی تیاری کے حوالے سے ٹیکنیکل ٹیم نیشنل یونیورسٹی آف سائنس ایڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی کمپیوٹر لیب میں مشین تیار کر رہی ہے جہاں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کو آج تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کامسیٹس، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین پر مشتمل ٹیم اس پروٹوٹائپ میشن کی تیاری میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق آج نسٹ سے بریفنگ کے بعد وفاقی وزیر شبلی فراز وزارت سائنس ائنڈ ٹیکنالوجی کے کمیٹی روم میں بھی ایک اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور وزیر ریلوے اعظم سواتی بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا مکینزم بنانے کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پروٹوٹائپ میشن کی تیاری کے بعد الیکشن کمیشن حکام سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حکام نے الیکشن کمیشن کے متعلقہ حکام سے متعدد میٹنگز کی تھیں جن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی خصوصیات specifications کے حوالے سے نوے فیڈف اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور نئی پروٹوٹائپ میشن الیکشن کمیشن کے متعلقہ آئی ٹی حکام کی مشاورت سے ہی تیار کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پروٹوٹائپ مشین تیاری کے بعد تجرباتی طور پر مختلف بار ایسوسی ایشنوں، صحافتی تنظیموں اور دیگر خودمختار اداروں کے الیکشنز میں استعمال بھی کی جائے گی۔