گارڈن ٹاؤن: گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار کو زخمی کرنیوالا ملزم گرفتار‘ مقدمہ

Jun 07, 2021

لاہور (نامہ نگار)گارڈن ٹاؤن کے علاقے میںکینال روڈ پرہفتے کے روز گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار کو زخمی کر کے فرار ہونے والے ملزم حمزہ جاویدکوگرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ اس واقعہ کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔ ملزم حمزہ جاوید نے مال روڈ کے ہوٹل میں خود کوحساس ادارے کا ملازم ظاہر کر کے کمرہ مانگا۔ ہوٹل انتظامیہ نے معاملہ مشکوک جان کر پولیس کو اطلاع کر دی۔ محافظ فورس کے دو پولیس اہلکار عاشق اور منور ہوٹل پہنچے۔ ذرائع کے مطابق دونوں پولیس اہلکاروں نے حمزہ جاوید کو تھانے چلنے کو کہا۔ اہلکار منور اس کی لگژری گاڑی میں سوار ہوگیا جبکہ دوسراملازم عاشق موٹر سائیکل پرگاڑی کے پیچھا کرنے لگا۔ جس کے بعد گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی اور کار سوار ایک اہلکار کو کچلنے اور گاڑی کو آگ لگنے کے باوجود وہاں سے فرار ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق حمزہ جاوید نامی شخص نے پولیس اہلکاروں کو رشوت کا لچ دیا تھا۔ پولیس اہلکار ہوٹل سے ایک کلو میٹر سے کم دوری پر تھانے جانے کی بجائے نہر پرکیوں چلے گئے۔ گاڑی گارڈن ٹاؤن تک کیوں پہنچی، اس پر سوال اٹھنے لگے۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش جاری ہے، جلد اصل حقائق سامنے آجائیں گے۔

مزیدخبریں