لاہور‘ گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر + نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ یہ ہے وہ اصل سونامی جس کی عمران خان بات کرتا تھا جس نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ آج تک ایک پائی کی کرپشن بھی مجھ پر ثابت نہیں ہوئی۔ یہ وقت بھی گذر جانا ہے۔ حکمران جیسا کریں گے ویسا ہی بھریں گے۔ سیاسی انتقام کی وجہ سے ملک تباہی کا شکار ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز ضلعی سیکرٹری اطلاعات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیروزگاری کے اس دور میں لوگوں کو نوکری سے فارغ کرنا ظلم ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے حکومتی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا مہنگائی، تباہی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) کی پانچ سال کی محنت 3 سال میں ضائع کر دی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سٹی سیکرٹری اطلاعات عامر اکرام بٹ سمیت ضلعی و ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف کیساتھ اہم میٹنگ کی جس میں انہوں نے پنجاب بھر کے سیکرٹری اطلاعات کو ہدایات جاری کیں کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر پارٹی قائد میاں نواز شریف کے بیانیہ کو فروغ دیں اور مہنگائی کیخلاف بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے عوام کی حقیقی معنوں میں ترجمانی کریں۔
حکمران جیسا کریں گے ویسا بھریں گے: حمزہ شہباز
Jun 07, 2021