اسلام آباد، لاہور‘ شیخوپورہ (نا مہ نگار +سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) ملک میں کرونا سے مزید 76 افراد انتقال کر گئے۔ مجموعی اموات21265 ہو گئی۔ 1629 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ متاثرین 9لاکھ 32 ہزار 140 ہو گئے۔کیسز کی شرح3.10 فیصد ہو گئی۔ ایکٹو کیسز 48 ہزار937 اور 8 لاکھ 63 ہزار 111افراد کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ لاہور ضلعی انتظامیہ نے سویٹ اینڈ کڑاہی سمیت6 پوائنٹس سربمہر کر دیئے، ماسک کے عدم استعمال پر37 مقدمات درج کئے۔ لکسس گرینڈ ہوٹل کے شادی ہال سمیت بٹ مارکی کریم بلاک، نرالا کڑاہی تکہ لکشمی چوک کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ فرائی چکس اور او پی ٹی پی فیصل ٹائون کو بھی بند کروا دیا گیا۔ لاک ڈائون کے دوران6 ہزار436 مقدمات درج کئے گئے۔ فیس ماسک پر 3612 جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2824 مقدمات درج ہوئے۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے پہلی سے چوتھی، چھٹی اور ساتویں جماعت کے طلباء کو بغیر امتحان لیے پروموٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات لیے جائیں گے۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں گزشتہ سال کے نتائج کی بنیاد پر بچوں کو پروموٹ کیا جائے گا۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز 17کروڑ 28 لاکھ 71ہزار377ہو گئی۔کرونا وائرس کی بھارتی قسم نے برطانیہ کو جکڑ لیا ہے اور صرف ایک ہفتے میں مریضوں کی تعداد 70 فیصد بڑھ گئی ہے۔ برطانیہ میں 5 ہزار 765 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ گزشتہ ہفتے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 398 تھی۔ وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے میں کرونا شرح 2 فیصد کے قریب ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد سے کرونا شرح میں مزید کمی آ سکتی ہے۔ شرح 2 فیصد تک آ گئی، پارکس اور مزارات کھول دیئے، انڈور شادیوں پر پابندی ختم نہیں ہوئی، ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن اور رات آٹھ بجے کے بعد تجارتی سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے۔ سندھ حکومت نے پیر سے دکانیں رات 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر 7 جون سے صوبے بھر میں دکانیں رات 8 بجے تک کھولی جائیں گی، تاہم تمام دکانوں کے سٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہو گا، اور 15 دن بعد دکانوں کے سٹاف کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں۔ یکم جون کو کراچی میں 12.45 فیصد کیسز مثبت تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک کی اجازت ہو گی۔ لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھنا لازمی ہو گا، 2 ہفتوں کے بعد شادی ہالز، آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہو گی، ساحل سمندر، بیچ اور سی ویو بھی کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جب کہ سیلون بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت ہو گی۔ شیخوپورہ سول ہسپتال میں زیر علاج کرونا کے 3 مریض امیر علی افتخار اور آصف غوری دم توڑ گئے وہ آکسیجن پر تھے مرنے والوں تینوں مریضوں کی عمریں 47 برس سے زیادہ بتائی گئی ہیں۔ فیصل آباد الائیڈ ہسپتال میں مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے۔ مرنے والوں میں ایک کرونا کا کنفرم جبکہ دوسرا مشتبہ مریض تھا۔ پنجاب بھر میں آج سے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھول دئیے جائیں گے۔ سکولوں میں 50فیصد طلباء کو آنے کی اجازت ہوگی۔ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے نوٹیفکشن کے مطابق 12 کنٹیکٹ سپورٹس پر پابندی برقرار رہے گی۔ جس میں روٹنگ‘ کراٹے‘ تائیکو انڈو‘ جو جسٹو‘ کک باکسنگ‘ رسہ کشی‘ جوڈو، رگبی، ریسلنگ اور کبڈی شامل ہیں۔