آئندہ نسلوں کیلئے خوشحال پاکستان کرپشن کیخلاف کوششوں سے ممکن : جاوید اقبال

Jun 07, 2021

 اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک بہتر اور خوشحال پاکستان کرپشن کے خلاف کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا ارتکاب کرنے والا اپنی حیثیت اور اختیارکا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ذاتی فوائد سمیٹتا اور بددیانتی کا مرتکب ہوتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں کرپشن کے ذریعے ایک فرد جسے کوئی فرض سونپا جاتا ہے وہ اپنی حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اس پوزیشن کو اپنے مقصد کے حصول کیلئے استعمال کرتا ہے۔ اس میں رشوت اور مالی بدعنوانی بھی شامل ہے جو کہ پاکستان کی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نہ صرف برائیوں کی جڑ ہے بلکہ یہ ریاست کی معیشت، سماجی انصاف اور معیار زندگی کو بھی بری طرح متاثرکرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اگر پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی  اور سرمایہ کاری کا خواہاں ہے تو اسے ہرقیمت پر کرپشن کو ختم کرنا ہو گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن معاشرے کو اس بری طرح سے متاثر کرتی ہے کہ اب یہ ملک کیلئے ایک چیلنج بن چکی ہے۔ ترقی یافتہ ملکوں میں ایسے پائیدار اقدامات کئے گئے ہیں جن کے ذریعے کرپشن کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ انہوں نے اس کیلئے انفراسٹرکچر بنایا ہے لیکن ترقی پذیر ملکوں میں ابھی یہ تشکیل کے مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی و تدارک پر بھی توجہ مرکوزکی ہے اور معاشرے میں کرپشن سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے ایک راستہ وضع کیا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کو اس معاملہ پر آگاہی فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔

مزیدخبریں