اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، عمران خان مقدر کاسکندر اور خوش قسمت انسان ہے جسے نااہل، اور نالائق اپوزیشن ملی ہے۔ جہانگیر ترین گروپ بھی بجٹ میں حکومت کو سپورٹ کریگا۔مدت ختم ہو چکی، شہباز شریف کی طرف سے ای سی ایل میں نام ڈالے جانے کو چیلنج کرنے کی تاریخ گزر چکی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت، حکومتی پالیسی، قوم کے تعاون اور ویکسینیشن سے کرونا کی تیسری لہر پر قابو پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویکسین کا عمل دوسرے ممالک سے بہتر ہے۔ پہلے لوگوں میں اس جانب رجحان نہیں تھا اس بارے میں پروپیگنڈاکیا جا رہا تھا۔ اس لئے لوگ اس کے خلاف تھے تاہم اب رجحان پیدا ہوا ہے۔ بھارت میں ویکسین کی عدم دستیابی کے کئی شہروں میں بورڈ لگے نظر آتے ہیں لیکن پاکستان میں کہیں ایسی صورتحال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنو فارم بہت زبردست ویکسین ہے۔ فائزرکے حوالے سے خدشات، وزیراعظم خود متعلقہ ممالک سے بات کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نااہل، نالائق، نکمی اور بے کار اپوزیشن ملی ہے وہ دسمبر کی تاریخ دے رہے تھے۔ عمران خان سے پوری امید ہے کہ وہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں معقول اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے اس لئے شہبازشریف کو ہم نے باہر نہیں جانے دیا۔ ان کانام ای سی ایل میں ڈالا اور اب اس کے خلاف رجوع کا وقت گزرگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیش جماعتوں میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔ علاوہ ازیں وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن میں فرنٹریرکورکا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی کے پی (سائوتھ)کے29 ویں ریکروٹس کورس کی سالانہ پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام اور پاک افواج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
مدت ختم، شہباز نے ای سی ایل سے متعلق اپیل نہیں کی شیخ رشید
Jun 07, 2021