اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے ملازمین کی رشوت ستانی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اگر حکمران کرپشن کرنے لگ جائیں تو ممالک کا دیوالیہ نکل جاتا ہے۔ اتورا کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب نچلی سطح کے حکام رشوت لیتے ہیں تو اس سے عام شہریوں کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں کیونکہ رشوت کا پیسہ ایک طرح سے ان پر ٹیکس کی مانند ہے مگر جب سربراہانِ ریاست، حکومت اور اس کے وزراء بدعنوان ہوتے ہیں تو وہ ممالک قرض کی دلدل میں دھنس جاتے ہیں اور ان کا دیوالیہ نکل جاتا ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تنائو کو پہنچنے والے نقصان اور ماحولیاتی نظام ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی تقریب کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے بھرپور پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی جانب سے زوال پذیر ماحولیات سے نمٹنے کے لئے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم صدر شی جن پنگ کی قیادت میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تنائو کو پہنچنے والے نقصان اور ایکو سسٹم کی بحالی کے لئے ان کی جانب سے تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
سربراہ، وزراء کرپٹ ہوں تو ملک دیوالیہ ہو جاتے ہیں:عمران
Jun 07, 2021