ملتان (جنرل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں نظام کی تبدیلی، اصلاحات‘ شفافیت‘ وفاق کی مضبوطی اور عوام کے مستقبل کے لیے عمران خان سب کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں ۔ سب کچھ دینے کو تیار ہیں مگر این آر او دینے کو تیار نہیں۔ عمران خان نے سیاست کی بنیاد تبدیلی کے لیے رکھی۔ عمران خان کی تحریک انصاف میں وہ ہی حیثیت سے جو پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کی تھی۔ ہم نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ امریکہ میں دو جماعتی نظام کو نہ توڑا جا سکا۔ برطانیہ میں بھی دو جماعتی نظام کو نہ توڑا جا سکا۔ عمران خان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک میں دو جماعتی نظام کو توڑا۔ تحریک انصاف اپنی کارکردگی، ٹھوس اقدامات کی بدولت 2023ء کے انتخابات میں بھی کامیاب ہوگی اور 2023ء کے الیکشن میں بھی اونٹ اسی کروٹ بیٹھے گا، یہ میری پیشن گوئی ہے سب لکھ لیں۔ پی ڈی ایم اور اپوزیشن جماعتیں جھاگ کی طرح بیٹھ جائیں گی۔ یہ جو اس ملک میں وقتی ہوائیں چل رہیں ان سے گھبرانہ نہیں ہے۔ تحریک انصاف اپنی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما راجہ غفار کی جانب سے اپنے اعزاز میں استقبالیہ اور ایم پی اے بیرسٹر وسیم خان بادوزئی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پنجاب کی 70سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ جنوبی پنجاب کا علیحدہ ترقیاتی بجٹ بنے گا۔ صوبہ جنوبی پنجاب کے خواب کو اب کوئی نہیں مٹا سکتا۔ جو مٹانے کی کوشش کرے گا وہ خود مٹ جائے گا۔ لوگ ایم این اے اور وزیر بننا چاہتے ہیں تاہم میں ان لالچوں سے بالا تر ہوگیا ہوں۔ 36 سال مسلسل سیاست کی۔ مجھے سیاست نے جو دینا تھا وہ میں نے حاصل کر لیا۔ اب سیاست صرف بڑے مقصد کے لئے کروں گا۔ پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکی اس کا کوئی مستقبل نہیں۔ بیروزگار لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔ بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کے لیے لوگ پاکستان کا رخ کریں گے۔
عمران کی پی ٹی آئی میں وہی حیثیت جو بھٹو کی پی پی میں تھی: شاہ محمود
Jun 07, 2021