راولپنڈی(محبوب صابر )راولپنڈی شہر میں بڑے تجارتی مراکز میں جا بجا پھیلی بجلی کی تاروں اور تجاوزات نے بازاروں کے حسن کا ماند کر دیا ہے ، بجلی کی بو سیدہ تاروں کی وجہ سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ بڑھ چکا ہے، بازاروں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، ’’نوائے وقت‘‘ رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے راجہ بازار ، موتی بازار، گندم منڈی، سٹی صدر روڈ، لیاقت روڈ امپریل مارکیٹ،باڑہ بازار، کراکری مارکیٹ، ٹرنک بازار، بوہڑ بازار، ڈنگی کھوئی، گنج منڈی روڈ ، پرانا قلعہ اور اردو بازار سمیت دیگر میں ہر طرف بجلی کی تاریں لٹکتی نظر آتی ہیں، دکانوں کے دروازوں کے اوپر سے تاریں گز رہی ہیں جبکہ اکثر جگہوں پر تو کھمبوں کے ساتھ ہی میٹر نصب کر دیئے گئے ہیں، کھمبے سے آنے والی مین تار سے کئی درجن کنکشن دے دیئے جاتے ہیں ایسی تاریں جگہ جگہ سے کٹ لگنے کے باعث ننگی ہو چکی ہیں، بازاروں میں نصب کئے گئے ٹرانسفار مر بھی پرانے ہو کے ہیں جو زیادہ لوڈ برداشت نہیںکر سکتے اور دن میں کئی مرتبہ ٹرپ ہو جاتے ہیں اور بازاروں میں اندھیرا چھا جاتا ہے ، ٹیلی فون کی تاریں اورٹی وی کیبل کی تاریں بھی ان بجلی کے کھمبوں کے ساتھ لگا دی جاتی ہیں جس سے کھمبے تو نظر نہیں آتے ایسی نظر آتا جیسے تاریں ہی تاریں لگائی گئی ہیں، بازاروںمیں تجاوزات مافیا نے بھی اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں جیسے ان کو کوئی پو چھنے والا ہی نہیں تحصیل میونسپل کا رپوریشن کی جانب سے روزانہ آپریشن کیا جا تا لیکن بے سود کیونکہ جیسے ہی عملہ واپس جا تا ہے تجاوزات والے دوبارہ اپنی جگہوں پر آ جاتے ہیں، بازارں کے دونوں اطراف ٹھیے، ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں نے قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے خریداری کیلئے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ، دکانوں کے سامنے فٹ پاتھوں پر بھی ٹھیے والوں نے قبضہ کر رکھا ہے ، بازاروں میں سڑکوں کے کناروں پر موٹر سائیکل اور گاڑیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں جس سے رش بڑھ جاتا ہے اور ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں ایمبولینسیں بھی پھنس جا تی ہیں،فوراہ چوک، گنج منڈی روڈ ، لیاقت روڈ، بوہڑ بازار، ڈنگی کھوئی ، جامع مسجد روڈ، بنی چوک، امام باڑہ چوک ، ریلوے روڈ اور دیگر جگہوں پر دن کے اوقات میں مال بردارگاڑیاں کھڑی کرنے سے بھی روڈ پر ٹریفک جام رہتی ہے، امپریل مارکیٹ اور باڑہ بازار کے سامنے روڈ کے دونوں اطراف موٹر سائیکل ڈبل لائن میں پارک کرنے سے سڑک کی کشادگی کم ہونے سے صرف ایک گاڑی یا دوگاڑیاں گزرتی ہیں اور سارا دن ٹریفک کے مسائل آڑے آتے رہتے ہیں اس صورت حال سے خریداری اور ہسپتال آنے والوں کو مشکلات کا سامان ہے۔