فلسطین یکجہتی ایوارڈ ‘بچوں اور بچیوں  نے مقابلہ تقریر،مصوری،ترانے  سمیت دیگرسرگرمیوں میں حصہ لیا 

Jun 07, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی و عظیم الشان ’’فلسطین مارچ‘‘کے حوالے سے مقابلۂ تقریر،مقابلۂ مصوری،مقابلۂ ترانے سمیت منفرد سرگرمیوں میں حصہ لینے والے بچوں اور بچیوں کے اعزاز میں ادارہ نورحق میں ’’فلسطین یکجہتی ایوارڈ‘‘کی تقریب ہوئی ۔پروگرام میں بچوں اور بچیوں نے مقابلہ تقریر،مصوری،ترانے سمیت دیگرسرگرمیوں میں حصہ لیا ۔پروگرام کے شرکاء کے لیے ایک گیلری بنائی گئی جس پربچوں نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پلے کارڈ اور مسجد اقصیٰ کی تصاویر چسپاں کی تھیں۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کا راستہ صرف مزاحمت اور جدوجہد کا راستہ ہے ،23مئی کو شاہراہ فیصل پر ہونے والا تاریخی ’’فلسطین مارچ‘‘ پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کے مسلمان فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور آج کا فلسطین یکجہتی ایوارڈ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے قبلۂ اول کی آزادی تک ہم حماس کے مجاہدین اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ پروگرام کے اختتام میں مقابلوں میں اول ،دوم اور سوم آنے والے بچوں اور بچیوں میں شلیڈز بھی تقسیم کی گئیں ۔اس موقع پر ڈپٹی سکریٹری جماعت اسلامی کراچی نوید علی بیگ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری نجیب ایوبی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،معروف شاعر اجمل سراج ،انچارج سوشل میڈیا سلمان شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔جب کہ نظامت کے فرائض مرزاثوبان بیگ نے انجام دیئے۔

مزیدخبریں