انسدادپولیومہم میں حصہ لیناقومی فریضہ ہے،مفتی یوسف حفیظ

کراچی ( نیوزرپورٹر ) بعض غلط فہمیوں کی بناء پر آج تک پاکستان پولیو سے پاک نہیں ہوسکا، جبکہ تمام مکاتب فکر بچوں کوپولیوکے ٹیکے لگوانے پر متفق ہیں،عوام بلا شک وشبہ اپنے بچوں کو پولیوکے ٹیکے لگوائیںتاکہ صحتمند پاکستان کا قیام ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علماء ومفتیان کرام نے روحانی مرکز اتحادبین المسلمین کراچی میں الجماعت اہلسنّت پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ پولیوسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میزبان سفیر امن مفتی شاہ محمدیوسف حفیظ ، جنرل سیکریٹری الجماعت اہلسنّت کراچی شاہ توصیف حسین، شیخ عبدالصمد آزاد، مفتی عبداللہ کامل قاری فاروق تنولی، مفتی غوث بخش مہروی، محمدیاسرعطاری، پیر شفاء اللہ نورانی، محمداسلم رندھاوا، مولاناعارف گولڑوی، قاری ساجد گولڑوی، شاہ ابوبکر، شیخ اسراراحمد، پیر عمران سعید سیفی اور صوفی لیاقت علی ودیگر نے اپنے خطاب میں پولیو ویکسین کی افادت واہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ پولیوسے پانچ سال تک کی عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں اور اس بیماری کی صورت میں عمر بھر کے لئے معذورہوجاتے ہیں، یہاں تک کہ بچوں کی موت بھی واقع ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس موذی مرض سے چھٹکارے کے لئے پولیوسے بچائو کے قطرے پلوانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلواکر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے روکا اور بچوں کو اس مرض سے بچایاجاسکتاہے،دنیابھرمیں باربار بچوں کو پولیوکے قطرے پلوانے سے اس مرض کا خاتمہ ہوچکاہے اس وقت صرف پاکستان اور افغانستان اس کی لپیٹ میں ہیں،آنے والی نسلوں کو صحتمند اور تندرست وتوانا رکھنے کے لئے انسدادپولیومہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیناہم سب کا قومی فریضہ ہے۔مفتی شاہ محمدیوسف حفیظ کاکہناتھا کہ انسدادپولیومہم بچوں کو پولیوجیسی بیماری سے بچانے کے لئے شروع کی جاتی ہے جس کامقصد بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ اور بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی سکت ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان ملک کو پولیوسے پاک بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء اس کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن