ناگن چورنگی فلائی اوور کے ایکسپنشن جوائنٹس کا کام شروع

Jun 07, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ ناگن چورنگی فلائی اوور کے ایکسپنشن جوائنٹس خراب حالت میں تھے جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ تھا لہٰذا انہیں ترجیحی بنیادوں پر مرمت کر کے استعمال کے قابل بنایا جا رہا ہے، جہاں ضرورت ہو گی وہاں جوائنٹس تبدیل بھی کئے جائیں گے، ایکسپریس وے پر لائٹس کو ٹھیک کرنے کا کام بھی جاری ہے تاکہ رات کے اوقات میں یہاں سے گزرنے والی ٹریفک کو سہولت ملے، انفراسٹرکچر مینٹی ننس کے کام بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل سے انجام دے رہی ہے جن کا مقصد سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انجینئرنگ کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہہ الحسنین زیدی کو ہدایت دی کہ تمام فلائی اوورز کے ایکسپنشن جوائنٹس کا معائنہ کیا جائے اور جہاں بھی مرمت یا تبدیلی کی ضرورت ہے فوری مشینری اور عملہ لگا کر کام شروع کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ناگن چورنگی فلائی اوور پر 24 گھنٹے ہلکی اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے اس لئے وہاں مرمت کا کام اس طرح کیا جائے کہ اطراف میں کم سے کم ٹریفک متاثر ہو اور اس کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ قبل ازیں لیاقت آباد فلائی اوور اور غریب آباد برج کے ایکسپنشن جوائنٹس تبدیل کئے جا چکے ہیں جس کے بعد یہاں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے اور سڑک کی سطح ہموار ہونے سے سفری دورانیہ میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے، اسی طرح کی سہولیات شہر کے ہر علاقے میں واقع سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز پر فراہم کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر انفراسٹرکچر مینٹی ننس کے کام کئے جا رہے ہیں، محکمہ ورکس کی فیلڈ ٹیمیں بھی مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں، ایکسپریس وے پر کئی مقامات پر لائٹس کام نہیں کر رہی تھیں جس کے باعث رات کے وقت اندھیرے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا کیونکہ یہاں گاڑیوں کی رفتار بھی خاصی تیز ہوتی ہے اسی لئے یہاں فوری تمام لائٹس کی مرمت کا کام شروع کر دیا ہے جسے جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا، قبل ازیں شہر کی کئی سڑکوں پر لائٹس کو فعال بنایا گیا ہے جس سے وہ سڑکیں روشن ہو گئی ہیں دیگر سڑکوں کو بھی روشن اور صاف ستھرا بنایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں