کرونا وائرس کی صورتحال میں جس نے دنیا کی بڑی معیشتوں کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں پاکستان اپنی معیشت کو بحال کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے جس میں توقع ہے کہ مالی سال 2021ء میں ترقی کی شرح میں قریباً چار فیصد اضافہ ہو گا۔
ممتاز عالمی جریدے FORBES کی رپورٹ کے مطابق امریکہ اور بھارت جیسی بڑی قوتوں کو بھی کورونا کی وباء سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس صورتحال میں پاکستان اپنی معیشت کو بحال کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ خدمات کے شعبے نے جس میں 2020-21ء کے دوران چار اعشاریہ چار تین فیصد ترقی کی پیشگوئی کی گئی تھی, بڑے پیمانے پر ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات پاکستان جیسے ملک کے لئے یقینی طور پر غیرمعمولی ہے جو اپنی خدمات کے شعبے کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے۔زرعی شعبے میں دواعشاریہ سات سات فیصد جبکہ صنعتی شعبے میں تین اعشاریہ پانچ سات فیصد ترقی کی پیشگوئی کی گئی۔رپورٹ کے مطابق حکومت کو امید ہے کہ سال 2021ء کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی اور 53 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات اور عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جس میں مجموعی ملکی شرح نمو کا چار فیصد ہے۔ پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک جیسی صلاحیت کے عکاس ہیں۔