لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کیخلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیریز کیلئے پہلے اسلام آباد پہنچی جہاں سے انہیں نجی ایئر لائن کے طیارے میں ملتان پہنچایا گیا، ٹیم کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شیڈول کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا ٹریننگ سیشن آج ساڑھے 4 سے رات 8 بجے تک ہوگا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کل سے شروع ہونیوالی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اولیائے کے شہر ملتان میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا سبب بنے گی ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2001 میں کھیلا گیا تھا اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 264 رنز سے شکست دی تھی۔ یہ دوسرا موقع ہوگا جب ویسٹ انڈین سکواڈ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ملتان پہنچے گا۔ ملتان کا خوبصورت کرکٹ سٹیڈیم 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرچکاہے، جس میں سے 4 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ اس وینیو پر سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز پاکستان کے سابق اوپنر یاسر حمید نے سکور کررکھے ہیں۔ پاکستان نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کو ایک اور بنگلہ دیش کو دو مرتبہ ٹیسٹ میں شکست دی جبکہ بھارت نے اس وینیو پر کھیلے گئے اپنے واحد ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا گیا ٹیسٹ ڈرا ہوا۔پاکستان کے موجودہ بیٹنگ کوچ اور سابقہ بیٹر محمد یوسف 517 ٹیسٹ رنزبناکر ایم سی ایس کے بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست ہے۔ وہ اس وینیو پر تین سنچریاں بنانے والے واحد بیٹربھی ہیں۔ بھارت کے وریندر سہواگ اور ویسٹ انڈیزکے برائن لارا نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بالترتیب ٹرپل اور ڈبل سنچری اسکور کررکھی ہے۔پاکستان کے دنیش کنیریا اس گراؤنڈ میں کھیلی گئی 5 ٹیسٹ اننگز میں 22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ سٹیڈیم وہاڑی روڈ پرواقع ہے۔فروری 2020 میں اس وینیو نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تین میچز کی میزبانی کی تھی، جہاں میزبان ملتان سلطانز نے تینوں میچز میں پشاور زلمی، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو شکست سے دوچار کیا تھا۔