لاہور(اپنے نامہ نگار سے )لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن او رپاک کشمیر لائرز فورم نے بھارت میں شان رسالتؐ میں گستاخیوں،حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنانے اور ملک بھر میں وکلاء پر بڑھتے ہوئے قاتلانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وکلاء رہنمائوںنے ہائیکورٹ میں بلائے گئے اجلاس او ربعد ازاں ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کی فاشسٹ حکومت نے مسلم امہ کے خلاف جنگ کا آغاز کر رکھا ہے۔ حرمت رسول ؐ کے تحفظ کے لیے دنیا بھر کے مسلمان متحد ہیں اور ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سردار اکبر علی ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں محمد احسن بھون صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن و ممبر پاکستان بار کونسل، حفیظ الرحمن چوہدری وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل،رانا عبدالحفیظ صدر پاک کشمیر لائرز فورم پاکستان، سہیل شفیق چوہدری نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،محمد احسن ورک صدر پاک کشمیر لائرز فورم پنجاب،خالد مسعود سندھو ایڈووکیٹ صدر پاک ہائی کورٹ بار لاہور و دیگر نے بھارت میں شان رسالت ؐکی گستاخیوں اور حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔اس موقع پر رائے عثمان احمدسیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے تلاوت ِ کلامِ پاک اور سید عبدالرحمن نقوی ایڈووکیٹ نے نعتِ رسولِ مقبول ؐکی سعادت حاصل کی۔