اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن مردم شماری کی حتمی رپورٹ پر حلقہ بندیاں کر رہا ہے جو کہ اگست میں مکمل ہوجائیں گی۔ اکتوبر میں عام انتخابات کیلئے مکمل طور تیار ہوں گے۔ اگر نئی مردم شماری ہوتی ہے تو 31 دسمبر تک اس کی رپورٹ آنا ضروری ہے تاکہ اسمبلیوں کی آئینی مدت پوری ہوتے ہی بروقت انتخابات ہوسکیں، پنجاب کے ضمنی انتخابات پرانی حلقہ بندیوں پر ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے ای وی ایم پر نظر ثانی کی تھی موجودہ حکومت کی قانون سازی پر صدر نے دستخط نہیں کیے، الیکشن کمیشن کی پالیسی ہے نئی ٹیکنالوجیز پر کام کریںگے۔ دفعہ 27 کے مطابق ووٹ صرف قومی شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر درج ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ایسے ووٹرز جو کسی تیسرے پتہ پر درج تھے ان کو قانونی تحفظ دیا گیا تیسرے پتے پر درج افراد کو عارضی یا مستقل پتہ پر منتقل کیا گیا، الیکشن کمیشن نے غیر تصدیق شدہ افراد کے ناموں پر مشتمل اضافی انتخابی فہرستوں کی تصدیقی مہم کا آغاز کیا، اس مہم میں 1 کروڑ 50 لاکھ افراد کی تصدیق ہوگئی ۔ اوورسیز کے معاملے پر بتدریج کام کررہے ہیں، الیکشن کمیشن حکام نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کل ہمیں شکایت ملی کہ 2020 میں ووٹ ایک جگہ پہ درج تھا لیکن اس دفعہ ووٹ کسی اور حلقے میں چلا گیا۔ جب ہم نے جائزہ لیا تو پتہ تبدیل کردیا گیا تھا۔ انتخابی فہرستیں اس لئے پبلش کی ہیں کہ لوگوں کو سہولت دی جاسکے اور جو غلطیاں ہونگی ان کو ختم کیا جائے گا۔