اسلام آباد (وقائع نگار، نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کا اعلان کرے تو بات چیت ہو سکتی ہے۔ الیکشن کی تاریخ لیے بغیر عمران خان کسی سے بات نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی حکمرانوں کا 13 جماعتوں کا گرینڈ اتحاد ہے، اب شہبازشریف کون سا گرینڈ اتحاد چاہتے ہیں؟۔ الیکشن کراؤ اور گھر جاؤ۔ سامراجی طاقتیں ہماری معیشت تباہ کر کے ایٹمی طاقت چھیننا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ووٹر لسٹوں میں مرضی کی تبدیلیاں کر رہی ہے۔ ہر شخص 19 جون سے پہلے اپنا ووٹ چیک کر لے۔ انتخابات اسی سال ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ عمران خان بجٹ کے بعد اگلی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ باپ، بیٹا وفاق اور ایک صوبے پر قابض ہو چکے ہیں۔ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ساری محنت ہماری تھی۔ حکومت کو خوف ہے کیونکہ اس سے ملک نہیں چل رہا ہے۔ حکومت کے ساتھ وہ ہو گا کہ یہ لوگ یاد رکھیں گے۔
الیکشن اسی سال دیکھ رہا ہوں‘ تاریخ کا اعلان ہو تو بات چیت ممکن: شیخ رشید
Jun 07, 2022