فضل الرحٰمن کی ملاقات ، جاپانی کمپنیوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کئے جائیں : شہباز شریف 

Jun 07, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے، جاپان کا شمار پاکستان کیلئے بڑے ڈونر ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں جاپانی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان نے پہلی جنگ عظیم کے بعد جس طرح ترقی کی وہ قابل تعریف ہے، جاپانی قوم نے انتھک محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کی ہیں، 2016 میں سوزوکی کمپنی کے ساتھ مثبت مذاکرات ہوئے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ جاپانی کمپینوں کو درپیش تمام مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے، ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز کو ٹیکس فری کئے جانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وز یراعظم سے جاپانی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ جاپانی وفد کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان کا جلد دورہ کریں، پاکستان میں جاپانی کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری سے اپکسپورٹ انڈسٹری کے قیام پر کام کریں۔ جاپانی کمپنیوں نے وزیراعظم شہبازشریف کے ویژن کے تحت موجودہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اسکے علاوہ جاپانی کمپنیوں نے الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ، فوڈ پراسیسنگ، سپیشل اکنامک زونز، ٹیکسٹائل سیکٹر، ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستان اور جاپان اسی برس سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں کنٹینر گودام میں آگ لگنے کے اندوہناک واقعے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میری دلی تعزیت اور انتہائی مخلصانہ ہمدردی بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔

مزیدخبریں