لگژری آئٹمز : درآمد پر پانچ سال پابندی رکھی جائے، فٹ وئیر مینوفیکچرز ایسوسی ایشن

  لاہور (کامرس رپورٹر )پاکستان فٹ وئیر مینوفیکچرز ایسوسی ایشن نے لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی کو سراہتے ہوئے پانچ سال تک برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ پی ایف ایم اے کے چیئر مین زاہد حسین نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں کیا ۔پاکستان فٹ وئیر ایسوسی ایشن کے چیئر مین زاہد حسین نے کہا ہے کہ مسلسل اور پائیدار ترقی کے باعث پاکستان کے جوتو ں کی برآمدات میں اضافہ ہورہا جو اس شعبہ میں استحکام کی علامت ہے جس کی بنیادی وجہ موثر اور متحرک تجارتی پالیسی ہے جس کیلئے حکومت کا تعاون قابل ستائش ہے۔ زاہد حسین نے کہا کہ اشیاء کی درآمدپر پابندی حکومت کا دانشمندانہ فیصلہ ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پابندی کو کم از کم پانچ سال تک برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے انجینئرز  ڈپلومہ اور ڈگری ہولڈرز کے لیے 25,000سے زائد ملازمتیں بھی پیدا ہونگی اور اس کے علاوہ  100فیصد مقامی جوتے مارکیٹ میں تیار ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت فٹ وئیر سیکٹر کے لیے گزشتہ سال والا بجلی ٹیرف برقرار رکھے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فٹ وئیر سیکٹر کی ان پٹ پر ٹیکسز کو ختم کرے۔

ای پیپر دی نیشن