لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کیخلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم سیریز کیلئے پہلے اسلام آباد پہنچی جہاں سے اْسے نجی ایئر لائن کے طیارے میں ملتان پہنچایا گیا، ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ شیڈول کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا ٹریننگ سیشن منگل کی شام ساڑھے 4 سے رات 8 بجے تک ہوگا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے ٹریننگ سیشنز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور مہمان سکواڈ کے کپتان نکولس پوران میڈیا کانفرنسز کریں گے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کل سے شروع ہونیوالی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز اولیائے کے شہر ملتان میں 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کا سبب بنے گی، تین میچز کی یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔سیریز میں دونوں ٹیموں سے سنسنی خیز کرکٹ مقابلوں کی توقع ہے تاہم یہ گراؤنڈ اس سے قبل بھی کئی یادگار کرکٹ میچز کی میزبانی کرچکا ہے،ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا بین الاقوامی کرکٹ میچ 2001 میں کھیلا گیا تھا اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 264 رنز سے شکست دی تھی۔ یہ دوسرا موقع ہوگا جب ویسٹ انڈین سکواڈ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ملتان پہنچے گا۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں 13 دسمبر 2006 کو مدمقابل آئیں ، جہاں مارلن سیمیولز نے 91 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ ملتان کا خوبصورت کرکٹ سٹیڈیم اس سے قبل 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرچکاہے، جس میں سے 4 میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر 2003 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا، جہاں میزبان سائیڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے شکست دی۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا آخری ون ڈے انٹرنیشنل بھی انہی دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ اس وینیو پر سب سے زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل رنز پاکستان کے سابق اوپنر یاسر حمید نے سکور کررکھے ہیں۔ انہوں نے یہاں کھیلی گئی 4 اننگز میں 197 رنز بنائے۔ اس فہرست میں مقامی ہیرو اور پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق کا نمبردوسرا ہے، جن کے رنز کی تعداد 178 ہے۔مارلن سیمیولز سمیت چار بیٹرز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سنچریاں سکور کرچکے ہیں۔ ان میں پاکستان کے یاسر حمید، عبدالرزاق اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن شامل ہیں۔شعیب ملک اور شاہد آفریدی اس گراؤنڈ پر چھ چھ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ بھارت کے فاسٹ باؤلر آر پی سنگھ 40 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاچکے ہیں۔