کیف، ماسکو (نوائے وقت رپورٹ، شہنوا، آئی این پی) یوکرائن کے مشرقی شہر سیورو ڈونٹسک میں روس اور یوکرائن کی افواج آمنے سامنے آ گئیں، یوکرائنی شہر کے میئر نے جلد کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ یوکرائن کے مشرقی شیر سیورو ڈونٹسک کے میئر اولیکسینڈر سترائیک نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے روسی افواج کو یوکرائن کے مزید شہروں میں داخلے پر پسپائی ہو گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرقی شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کیلئے یوکرینی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں، اہم شہر کو روسی تسلط سے چھڑانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن نے کیف کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فراہم کئے تو ماسکو "مناسب نتیجہ اخذ کرے گا" اور نئے اہداف کو نشانہ بنائے گا۔ اتوار کو رشیا ون ٹیلی ویژن چینل سے نشر ایک انٹرویو میں پیوٹن نے کہا کہ اگر انہیں (کیف) کو سونپا گیا تو ہم مناسب نتائج اخذ کرتے ہوئے اپنے ہتھیار ان اہداف پر حملہ کرنے کے لیے تعینات کردیں گے جو ہم نے اس سے قبل نشانہ نہیں بنائے۔ پیوٹن نے مزید کہا کہ چونکہ "یوکرائنی فوج اسی طرح کے نظام سے لیس ہے" اس لیے کیف میں ان ہتھیاروں کی منتقلی سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ یہ تنازع کو مزید طول دے گا۔ روسی میڈیا کے مطابق مشرقی یوکرائن میں لڑائی کے دوران روس کا میجر جنرل ہلا ہو گیا۔ روسی وزارت دفاع نے ردعمل میں کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ برطانوی وزیر دفاع بین والیس نے زور دے کر کہا ہے کہ روسی افواج یوکرین کے شہروں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے اندھا دھند طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے وزارت دفاع کی طرف سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ میزائلوں کی نئی کھیپ یوکرینیوں کو اپنے دفاع میں مدد دے گی۔ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ میزائل بیچ واشنگٹن کے ساتھ مل کر کیف بھیجا جائے گا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بلقان ممالک شمالی مقدونیہ، بلغاریہ اور مونٹی نیگرو کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد پیر کو سربیا کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔روس نے امریکہ کے 61 سرکاری اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردیں۔ روس وزارت خارجہ کے مطابق امریکی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری توانائی، دفاعی، میڈیا ایگزیکٹوز پر پابندیاں امریکی پابندیوں میں مسلسل توسیع کے جواب میں عائد کی گئی ہیں۔
یوکرائن کے مشرقی شہر سیورو ڈونٹسک کا جلد کنٹرول حاصل کرنے کیلئے یوکرائنی روسی افواج آمنے سامنے‘ جلد قبضہ حاصل کر لیں گے‘ میئر‘61 امریکی اہلکاروں پر روسی پابندیاں
Jun 07, 2022