کراچی (نیوز رپورٹر) گوادر سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حادثے سے بچ گیا، ٹیک آف کرتے ہوئے طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، طیارے میں 60 مسافر سوار تھے، لینڈنگ کے وقت کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق آج سہ پہر گوادر سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 504 کے ٹیک آف کے بعد جب گراؤنڈ اسٹاف نے رن وے کا جائزہ لیا تو گوادر ایئرپورٹ کے رن وے پر طیارے کے ٹائر کے ٹکڑے پڑے پائے گئے۔ گوادر ایئرپورٹ حکام کی اطلاع پر کراچی کنٹرول ٹاور نے طیارے کے کپتان کو صورت حال سے آگاہ کیا۔اس دوران کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی، تاہم پی آئی اے کے اے ٹی آر 72 طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کر لی۔