بھارت کے گستاخانہ بیان سے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی: ساجد میر

Jun 07, 2022


 لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان کی طرف سے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بی جے پی سے پوچھا ہے کہ کیا اس کا بھی اسلام کے بارے میں وہی مؤقف ہے جو نوپور شرما کا ہے؟۔ اگر نہیں ہے تو دوٹوک انداز میں اسکی مذمت کرے۔ لندن سے واپسی پر لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ ہندو انتہا پسند جماعت کے سرکاری ترجمان کی پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔ نوپور شرما کے متنازع بیان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی اور ان میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ریاستی سرپرستی میں مختلف ہندو انتہاپسند گروپوں کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف حیلوں بہانوں سے تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں جس سے اسلامو فوبیا اور انتہا پسندی کے بگڑتے ہوئے رجحان کی عکاسی ہورہی ہے۔ پاکستان سمیت امت مسلمہ کو بھارت سے توہین آمیز ریمارکس اور حضورؐ کی شان پر حملہ کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف فیصلہ کن اور قابلِ عمل کارروائی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔  عالمی برادری بھارت میں اسلامو فوبیا کی سنگین صورت حال کا فوری نوٹس لے۔ قبل ازیں بریڈ فور میں عالمی دعوت اسلامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھاکہ اللہ تعالیٰ قرآن  پر عمل کے ذریعے سے قوموں کو عروج عطا کرے گا اور جو عمل نہیں کرے گا انہیں زوال سے دو چار کرے گا۔ اس وقت مسلمان حکمرانوں کا اتحاد مطلوب ہے کیونکہ ہر ایک کا رْخ اور قبلہ الگ ہے۔

مزیدخبریں