مسائل کے حل کیلئے عورتو ں کو سیاسی میں شامل ہو نا چاہئے: نیلوفر بختیار

Jun 07, 2022


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)چیئرپرسن قومی کمیشن برائے وقار نسواں نیلوفر بختیار نے کہا کہ عورتوں کے مسائل حل کرنے کے لیے عورتوں کی سیاسی عمل میں شمولیت اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور آئندہ آنے والے انتخابات میں خواتین کی شمولیت کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کے لیے کمیشن ہر طرح کے اقدامات کر رہا ہے اور یہ اجلاس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے. انہوں مزید کہا کہ جونہی ملک میں کوئی مسئلہ درپیش ہو ہمیشہ عورتوں کا ایجنڈا پیچھے چلا جاتا ہے. ملک کی نصف آبادی کیا صرف ووٹ دینے کے لیے ہے کیا ان کو لیڈرشپ کا رول کہیں نہیں دیا جائے گا۔6 جون قومی کمیشن برائے وقار نسواں نے عورتوں کی سیاسی عمل میں شمولیت جیسے اہم موضوع پر مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا. جس میں پاکستانی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں، خواتین ونگ کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے علاوہ  حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن کی ترجمان  محترمہ نگہت صدیق نے کہا کہ الیکشن سے پہلے یہ اہم وقت ہے جب سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ووٹر لسٹوں پہ کام کرنا چاہیے کیونکہ عام انتخابات کے اعلان کے بعد ووٹر لسٹ پر کام ممکن نہیں ہوسکے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  وہ بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں خواتین کو درپیش مشکلات کی وجہ سے ثقافتی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر پولنگ آفیسرز کی تربیت کی جا رہی ہے تاکہ خواتین کی زیادہ سے زیادہ سیاسی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے. اس موقع پر نادرہ کی ترجمان معظمہ یوسف نے کہا کہ نادرہ ایک ریسورس فل ادارہ ہے اور اس کے قائم کردہ سینٹرز میں سے 90 فیصد مراکز میں خواتین اہلکار موجود ہیں۔

مزیدخبریں