ڈبل ٹیکس کیخلاف سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کا احتجاج 


کراچی(پی پی آئی)شہر قائد میں بجلی اور گیس کے بعد ایک اور بحران سر اٹھانے لگا ہے۔ نیو سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز اور تاجروں نے احتجاجاًکام بند کر دیا ہے، جس کی وجہ ڈبل ٹیکس ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔پی پی آئی کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے سبزی منڈی کے داخلی اور خارجی گیٹ بند کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا، ان کا موقف ہے کہ منڈی میں آتے اور جاتے وقت پانچ سے ہزار روپے ٹیکس لیا جارہا ہے، ڈیزل پہلے ہی دو سو دس روپے لیٹرہو چکا اب زبردستی ڈبل ٹیکس کرنا سراسر زیادتی ہے۔ٹرانسپورٹر اور تاجروں کی جانب سے احتجاج کے باعث کراچی کو سبزی اور فروٹ سپلائی کرنے والی منڈی کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہوگئے جس کے باعث منڈی آنے والے خریدار اور تاجر محصور ہوگئے۔
 پی پی آئی کے مطابق نیو سبزی منڈی میں کام بند ہونے سے کراچی کو سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی بند ہوگئی ہے، جس کے باعث کراچی میں سبزی اور فروٹ کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن