مون سون سیزن قبل از وقت مشینری عملہ تیار رہے۔ مرتضیٰ وہاب

Jun 07, 2022

کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی میں واقع فریئر روڈ نالے کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا، ہر سال برساتی نالوں پر کام ہوتا ہے ، کے ایم سی نے وقت سے پہلے یہ کام شروع کردیا ہے تاکہ مون سون سیزن میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں، اس وقت کراچی میں مختلف مقامات پر نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے ، کے ایم سی اور سالڈ ویسٹ کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی میں 41 بڑے نالے اور 514 چھوٹے نالوں کی صفائی کا کام بلدیاتی ادارے تیزی سے کر رہے ہیں اور اداروں میں باہم رابطہ بھی موجود ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مظہر خان کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار کو تیز رکھیں ، بھاری مشینری کے ساتھ ساتھ مینوئل طریقے سے بھی نالوں کو صاف کریں، انہو ںنے کہا کہ برسات کے دنوں میں نالوں کا چوک ہوجانا ایک اہم مسئلہ ہوتا ہے جس کے باعث پانی سڑکوں پر آتا ہے اور ٹریفک کی روانی بری طرح
 متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ نالوں کی صفائی کے بعد اگلے تین ماہ تک وہ ان نالوں کی دیکھ بھال کریں گے اور صفائی کے ذمہ دار ہوں گے، ماضی میں جو نالوں کی صفائی کے کنٹریکٹ دیئے جاتے تھے ان میں یہ شق شامل نہیں ہوتی تھی، اس لئے بعض مرتبہ مون سون سیزن سے پہلے نالے صاف ہونے کے بعد دوبارہ کچرے سے بھر جاتے تھے اور برساتی پانی سڑکوں پر آتا تھا اور بعض مضافاتی علاقوں میں گھروں میں بھی داخل ہوجاتا تھا، اس مرتبہ امید ہے کہ نالوں کی صورتحال بہتر رہے گی اور برساتی پانی کی نکاسی مکمل طور پر ہوسکے گی، انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی نہ ہونے کے بعد جب برساتی پانی سڑکوں پر آتا ہے تو اس سے شہریوں کو تکالیف ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں اور فٹ پاتھوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ گجر نالہ، محمود آباد منظور کالونی نالہ، پکچر نالہ، اورنگی ٹائون نالہ، فریئر ٹائون نالہ، پی ای سی ایچ ایس نالہ برساتی پانی کی نکاسی کے لئے انتہائی اہم ہے ا س لئے ان پر بھرپور توجہ رکھی جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ مون سون سیزن اس مرتبہ کراچی میں قبل از وقت شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اس لئے مشینری اور عملے کو بھی تیار حالت میں رکھا جائے۔
مرتضیٰ وہاب

مزیدخبریں